Dehleez ke is paar article by Aleena Noor



عنوان:

دہلیز کے اس پار

ازقلم: علینہ نور

 

کچھ دروازے ہوتے ہیں جو لکڑی کے نہیں ہوتے۔ 

وہ دل کے ہوتے ہیں۔ 

اور کچھ قدم ہوتے ہیں جو زمین پر نہیں پڑتے۔ 

وہ نصیب کی طرف اٹھتے ہیں۔

کہتے ہیں ہر دہلیز کے اس پار ایک نئی دنیا ہوتی ہے۔ 

کبھی اجالا، کبھی آزمائش، کبھی وہ سب جو ہم نے دعاؤں میں مانگا ہوتا ہے۔

کچھ لڑکیاں شادی سے نہیں ڈرتیں۔ 

وہ اس "اگر" سے ڈرتی ہیں جو راتوں کی نیند اڑا دیتا ہے۔ 

اگر میں وہاں ایڈجسٹ نہ کر سکی تو۔؟؟ 

اگر میرا نصیب آزمائش بن گیا تو۔؟؟ 

اگر میری آزادی، میری عزت، میرا سکون سب چھن گیا تو۔؟؟

یہ ڈر ایک دن میں نہیں آتا۔ 

یہ تب جنم لیتا ہے جب آپ نے آس پاس بہت کچھ دیکھ لیا ہو۔ 

جب سوشل میڈیا روز یہی بتائے کہ باہر کی دنیا مشکل ہے۔ 

جب دل یہ کہے کہ جو اپنا ہے وہی محفوظ ہے۔

لیکن نہیں۔۔۔۔

ہر گھر کی کہانی ایک جیسی نہیں ہوتی۔ کسی اور کے گھر میں جو ہوا وہ آپ کی تقدیر نہیں ہے۔ ہو سکتا ہے اللہ نے آپ کے لیے وہاں وہ سکون لکھا ہو جس کا آپ نے کبھی تصور بھی نہ کیا ہو۔ ہو سکتا ہے وہاں کوئی ایسا ملے جو آپ کی عزت کو اپنی عزت سمجھے۔

اپنے آپ کو مضبوط کر لیں۔ تعلیم، ہنر، جاب۔ جو لڑکی اپنے پاؤں پر کھڑی ہوتی ہے وہ کسی بھی ماحول میں اپنا مقام بنا لیتی ہے۔ وہ بوجھ نہیں بنتی، وہ ساتھ نبھاتی ہے۔ اور یاد رکھیں، نئی جگہ پر ایڈجسٹ کرنا کمزوری نہیں ہوتی۔ یہ ظرف ہوتا ہے۔ تھوڑا وقت لگتا ہے، تھوڑی حکمت چاہیے۔ ضد سے دیواریں گرتی ہیں اور محبت سے گھر بنتے ہیں۔

لوگوں کی باتیں ضرور سنیں، مگر فیصلہ ان سے مت کریں۔ انسٹا کی دو ادھوری ریلز دیکھ کر اپنی پوری زندگی کا فیصلہ مت کر دیں۔ باہر ہزاروں گھر ایسے بھی ہیں جہاں ہنسی کی آواز آتی ہے، جہاں عزت ہے، جہاں سکون ہے۔ بس وہ شور نہیں کرتے۔

اور سب سے آخر میں اللہ ہے۔ 

اس سے مانگیں۔ دل کھول کر مانگیں۔ یا اللہ جو میرے حق میں بہتر ہے وہ کر دے۔ پھر معاملہ اس کے سپرد کر دیں۔ وہ کبھی اپنے بندے کو رسوا نہیں کرتا۔

ڈر کے مارے دہلیز پر بیٹھے رہنے سے زندگی نہیں ملتی۔ 

زندگی اس پہلے قدم کا نام ہے جو آپ ہمت کر کے اٹھاتی ہیں۔

ہو سکتا ہے آپ کا نصیب آپ کے ڈر سے سو گنا زیادہ خوبصورت ہو۔ 

ہو سکتا ہے وہ دروازہ جسے آپ کھٹکھٹانے سے ڈر رہی ہیں، اس کے پیچھے وہ سب کچھ ہو جس کی آپ نے دعا کی تھی۔ 

بس ایک بار اللہ کا نام لے کر قدم بڑھا کر دیکھیں۔

 

Aleena Noor writes...🏻️‍🩹🖇

*************

Comments