Dopatta bhi digree bhi yehi hai asal azadi article by Hijaab Fatima

Writer: Hijaab Fatima

*عنوان: دوپٹہ بھی، ڈگری بھی - یہی ہے اصل آزادی*

اسلام علیکم و رحمۃ اللہ وبرکاتہ ۔۔۔ 💞

آج کل "عورت کی آزادی" پر دو انتہائیں ہیں۔ ایک کہتا ہے "عورت کو گھر میں بند کر دو"۔ دوسرا کہتا ہے "عورت کو بے لگام چھوڑ دو"۔

لیکن تیسرا راستہ کون بتائے گا؟ وہ راستہ جو 1400 سال پہلے مدینہ کی گلیوں میں تھا۔

دنیا نے عورت کو یا تو زیور سمجھا یا بوجھ۔ اسلام نے پہلی بار اسے "انسان" کہا۔ 

جاہلیت میں بیٹی کو مٹی میں دفن کیا جاتا تھا۔ اسلام نے اسی بیٹی کے قدموں تلے جنت رکھ دی۔ 

فرق دیکھیں: مغرب نے عورت کو "آزاد" کرنے کے لیے پہلے اس سے حیا چھین لی۔ اسلام نے آزادی کے ساتھ عزت بھی دی۔ 

حضرت خدیجہ رض تاجر تھیں، لیکن تجارتی قافلے کے ساتھ غیر محرم مردوں کا ہجوم نہیں تھا۔ حضرت عائشہ رض عالمہ تھیں، لیکن پردے کے پیچھے سے علم دیتی تھیں۔ 

 

. عورت کا پڑھنا اور خودمختار ہونا کیوں ضروری ہے؟  

کہتے ہیں "ماں کی گود بچے کی پہلی یونیورسٹی ہے"۔ اگر استاد ہی ان پڑھ ہو تو یونیورسٹی کیا خاک بنے گی؟ امام شافعی کی ماں نے راتوں کو جاگ کر انہیں پڑھایا۔ آج ہم کہتے ہیں "وقت نہیں ہے".

شوہر کا سایہ ہمیشہ نہیں رہتا۔ بیماری، موت، طلاق... زندگی ہے۔ اس دن ایک پڑھی لکھی عورت مانگتی نہیں، کماتی ہے۔ وہ بوجھ نہیں بنتی، سہارا بنتی ہے۔ یہ خودمختاری نہیں تو اور کیا ہے؟

ہماری بیٹیوں کو لیڈی ڈاکٹر چاہیے۔ ہماری بچیوں کو دینی استانی چاہیے۔ ہماری خواتین کو فیمیل بینک آفیسر چاہیے۔ اگر ہم نے اپنی آدھی آبادی کو "ان پڑھ" رکھا تو قوم آگے کیسے بڑھے گی؟

 

`وَالْمُؤْمِنُونَ وَالْمُؤْمِنَاتُ بَعْضُهُمْ أَوْلِيَاءُ بَعْضٍ` - ہم ایک دوسرے کے ساتھی ہیں، دشمن نہیں۔

ہم نے آزادی کو "نقل" بنا دیا ہے۔ ہمیں لگتا ہے آزادی = جینز + بغیر دوپٹے + رات 2 بجے پارٹی۔ 

نہیں بہنو! یہ آزادی نہیں، یہ غلامی کی نئی قسم ہے۔ فیشن انڈسٹری کی غلامی، ویوز کی غلامی۔

سکول جانے سے منع نہ کیا جائے۔ 

نکاح میں "ہاں" یا "نہ" پوچھا جائے۔ 

گھر کے بجٹ میں رائے لی جائے۔ 

اور سب سے بڑی آزادی: "اپنے رب کے سامنے سر جھکانے کی آزادی"۔

میرا خواب یہ نہیں کہ ہر عورت CEO بنے۔ میرا خواب یہ ہے کہ ہر عورت "باوقار" بنے۔ 

ایسی عورت جس کے پاس قرآن بھی ہو اور کمپیوٹر بھی۔ جس کے ہاتھ میں چولہے کا چمچہ بھی ہو اور بچے کی کاپی بھی۔ 

جس دن ہماری بیٹیاں "دوپٹہ بھی" رکھیں گی اور "ڈگری بھی"، اس دن کوئی مغرب ہمیں آزادی کا لیکچر نہیں دے گا۔

 

کیونکہ بااختیار عورت گھر نہیں توڑتی۔ وہ تاریخ لکھتی ہے۔

*"حیا کی چادر، علم کا زیور،* 

> *یہی ہے عورت کا اصل محور۔* 

> *نہ پنجرے کی قیدی، نہ بے لگام،* 

> *اسلام کی شہزادی، یہی ہے اس کا مقام......🫶🏻

**************

Comments