Quran ka haq Article by Momina Zahra

عنوان:

قرآن کا حق

ازقلم: مومنہ زہراء

 

جنہیں ہم نے کتاب دی اور وہ اسے پڑھنے کے حق کے ساتھ پڑھتے ہیں  وہ اس کتاب پر بھی ایمان رکھتے ہیں اور جو اس کے ساتھ کفر کرے وہ نقصان والا ہے۔ (سورة البقرة۔121)

 روشن پہلو!

قرآن دنیا بھر میں سب سے زیادہ پڑھی جانے والی کتاب ہے...

تاریک پہلو!

قرآن دنیا میں سب سے زیادہ بغیر سمجھے پڑھی جانے والی کتاب ہے...

ہم ایسے شخص سے بات نہیں کرتے جو ہماری زبان نہ بولتا ہو ہم ایسا کوئی ڈرامہ نہیں دیکھتے جس کی ہمیں سمجھ نہ آ رہی ہو یہاں تک کہ ہم ایسی کوئی اخبار بھی نہیں پڑھتے جو کسی اور زبان میں ہو! کیوں؟ کیونکہ۔۔۔ ہم جاننا چاہتے ہیں کہ کوئی انسان ہمیں کیا بتانا چاہتا ہے اس لئے ہم اس چیز کو اپنی زبان میں ٹرانسلیٹ کر لیتے ہیں۔۔ پھر اللّٰه کے معاملے میں اتنی سنگ دلی کیوں؟ قرآن میں تو اللّٰه تعالٰی باقاعدہ بات کرتے ہیں نا ہم سے، تو ہم میں یہ تڑپ کیوں نہیں ہے کہ ہم سمجھیں کہ اللّٰه تعالٰی ہم سے کیا فرما رہے ہیں؟ بلاشبہ عربی نہایت خوبصورت زبان ہے لیکن یہ بھی حقیقت ہے کہ ہم عربی نہیں جانتے نہ سمجھتے ہیں تو ہم نے کیا سمجھا ہے کہ صرف عربی پڑھ لینے سے قرآن پڑھنے کا حق ادا ہو گیا؟

بالکل نہیں!

عربی پڑھنے سے ثواب تو ملے گا لیکن فرض ادا نہیں ہوگا۔۔۔ مسلمانوں کی اکثریت رمضان میں ایک قرآن مجید مکمل کر لیتی ہے اور قرآن کو مکمل پڑھ لینا کوئی چھوٹی بات نہیں ۔۔۔ لیکن حیرت کی بات تو یہ ہے کہ قرآن مکمل پڑھ لینے کے بعد بھی ان میں کوئی تبدیلی رونما نہیں ہوتی، وہ ویسے ہی رہتے ہیں جیسے قرآن پڑھنے سے پہلے ہوتے ہیں، آخر کیا وجہ ہے اس کی؟ جبکہ زندگی بدل دینے کیلئے تو اللّٰه کے حکم سے قرآن کی ایک آیت ہی کافی ہوتی ہے اگر سمجھ آ جائے تو۔۔۔ لیکن آج کا مسلمان قرآن مکمل پڑھ کر سود اور رشوت بھی لیتا ہے ، غیبت اور الزام تراشی بھی کرتا ہے، مذاق اڑاتا ہے، دل آزاریاں کرتا ہے، بے ایمانی اور ناانصافی بھی کرتا ہے، قطع تعلقی بھی کرتا ہے، حق تلفی بھی کرتا ہے، صلہ رحمی نہیں کرتا ، نمازوں  کی حفاظت نہیں کرتا ، زکوٰۃ ادا نہیں کرتا، لوگوں کے حقوق پورے نہیں کرتا۔۔۔یہ سب بنیادی چیزیں ہیں جن کا واضح حکم ہے قرآن مجید میں۔۔۔

قرآن کو ترجمے کے بغیر ، سمجھے بغیر پڑھنا بہت بڑا مسئلہ ہے جو امت مسلمہ کو اپنی لپیٹ میں لئے جا رہا ہے

خدارا اپنے فرائض کو پہچانیں

خود بھی قرآن کو سمجھ کر پڑھیں اور لوگوں میں بھی اس بات کا شعور اجاگر کریں۔۔۔ ظاہری بات ہے جب تک ہمیں قرآن مجید کی سمجھ نہ آئی جب تک ہمیں معلوم ہی نہ ہوا کہ اللّٰه پاک حکم کیا دے رہے ہیں تب تک ہم اپنی زندگیوں میں عمل پیرا کیسے ہو سکتے ہیں قرآن پر۔۔۔ اللّٰه پاک کے احکامات کے مطابق زندگی گزارنے کیلئے قرآن کو سمجھ کر پڑھنا بہت ضروری ہے۔ اللّٰہ پاک ہمارے دلوں کو قرآن کے نور سے منور فرمائیں، اے اللّٰه ہمیں کوشش کرنے والوں میں لکھ دیں آمین!

٭٭٭٭٭٭٭٭٭٭

Comments