Qurbani ke janwaron ki qeematen asman par kion by Naveed Khan

"قربانی کے جانوروں کی قیمتیں آسمان پر کیوں"



گزشتہ کئی دنوں سے سننے میں آ رہا ہے کہ قربانی کے جانوروں کی قیمتیں آسمان سے باتیں کر رہی ہیں ۔ بہت سے لوگوں کا ماننا ہے کہ اس بار معاشی کسمپرسی کی وجہ سے وہ قربانی کے اس عظیم فضیلیت سے محروم رہیں گے۔ ایک طرف ملکی حالات سازگار نہیں تو دوسری طرف منافع خوری مکمل عروج پر ہے ۔ سرمایہ دارانہ نظام اور سیاسی کم پختگی نے لوگوں کو عبادات سے مکمل طور پر الگ کر دیا ہے۔ ایک طرف نااہل حکمران آئے روز نت نئے تجربات کرتے جا رہے ہیں تو دوسری طرف ان تجربات کا خمیازہ بھی عام عوام کو بھگتنا پڑ رہا ہے۔ حکمرانوں کی خوش قسمتی یہ ہے کہ نہ تو عام عوام میں اتنا شعور ہے کہ وہ ملک کو حقیقی عوامی نمائندوں کے حوالہ کر سکے اور نہ اس جابر نظام کے خلاف کھڑے ہو سکے جو دہائیوں سے غریب عوام کاخون چوستا چلا آ رہا ہے۔ ملک میں موجودہ  معاشی نظام ایک عام آدمی کو اس کی اجازت نہیں دیتا کہ وہ رزق حلال بھی کمائے اور اس کے ساتھ ساتھ اللہ تعالیٰ کی عبادت بھی ادا کر سکے۔ ایک مذہبی جماعت کے سربراہ کی سربراہی میں قائم ہونے والی حکومت میں جس طرح لوگ مذہبی عبادات کو ادا کرنے سے محروم ہو رہےہیں۔ یہ اس بات کی کھلی دلیل ہے کہ مذہب کو صرف اور اپنے ذاتی مفادات کے حصول کے لیے استعمال کیا جاتا ہے۔ نظام کے ہاتھوں مجبور علماء کرام بھی منہ پر پٹی باندھنے پر مجبور ہیں کیونکہ اسی نظام کے تحت معاشرے کے دو نمبر ، حرام خور، منافع خور ، ظالم و جابر لوگوں کا دل بھی رکھنا پڑتا ہے۔ بات ہو رہی تھی قربانی کے جانوروں کی جو ایک عام مسلمان کے دسترس سے باہر ہے اس کی وجہ یہ نہیں کہ ملک میں جانوروں کی کمی ہے اس کی سب سے بڑی وجہ حکومت کی عدم دستیابی اور مافیا کو مکمل فری ہینڈ دینا ہے۔ حکومت اور مافیا سے تو کوئی امید نہیں رکھی جا سکتی لیکن ایک مسلمان کو کم از کم اس کار خیر میں رکاوٹ پیدا نہیں کرنا چاہیے کہ وہ قربانی کے جانوروں کو اتنے مہنگے داموں میں بیچے کہ لوگ مجبوراً سنت ابراہیمی کو چھوڑ دیں اور اس اعلیٰ فریضہ کو انجام دینے سے قاصر ہو جائیں۔ 



(نوید خان)

Comments