Duaon ki qabooliyat Article by Nayab Nawaz

میں نہیں جانتی کہ اپنے دل کے جذبات کا اظہار کرنے کے لئے کون سے الفاظ استعمال کرنے چاہیئے۔ شاید اسی لیے آج تک براہ راست اپنے جذبات کا اظہار نہیں کر پائی ۔ہاں کچھ سوالات ہیں جو شاید میرے جذبات کی عکاسی کر سکیں ۔ میرے سوال میری خواہشات شاید تمہیں بیوقوفانہ یا بچگانہ لگیں لیکن میں ایسی ہی ہوں کہ مجھے تمہاری  ایک ایک عادت کی  خبر ہو

کہ  تمہیں کس بات سے خوشی اور سکون ملتا ہے اور کون سی شے تمہیں  دکھی کرتی ہے تمہیں  کیسے زندگی گزارنا پسند ہے کیسے لوگوں میں اٹھنا بیٹھنا پسند ہے ۔

میں دیکھنا چاہتی ہوں کہ صبح کو جب تم نیند سے اٹھتے ہو گے تو تمہاری نیم خوابیدہ آنکھوں میں کون سے رنگ دکھائی دیتے ہوں گے ؟تم جب کسی تقریب میں شرکت کے لئے تیار ہوتے ہو گے تو تمہاری پر کشش اور رعب و دبدبہ سے بھر پور شخصیت کس طرح اپنے اردگرد ایک سحر طاری کرتی ہو گی ؟کسی سنجیدہ معاملے پر بحث کرتے ہوئے تمہاری سنجیدگی کس حد تک متاثر کن ہو گی ؟جب تم رف سے حلیے میں بے فکر اپنی دھن میں مگن ہو گے تو کیسے لگ رہے ہو گے ؟

ہاں میں دیکھنا چاہتی ہوں غصے میں تمہاری سرخ ہوتی رنگت میں تم کتنے غضبناک لگتے ہو گے ؟ اپنے والدین کے سامنے ادب سے آنکھیں جھکائے تم کس قدر معصوم اور بھلے معلوم ہوتے ہو گے ؟   بہن بھائیوں کے ساتھ ہنسی مذاق اور اٹکھیلیاں کرتے وقت تمہاری ہنسی کس حد تک دل موہ لینے والی ہو گی ؟

اپنے رب کے حضور سجدہ ریزی کے وقت بھی  تم دیکھنے والی آنکھ کو  کتنے بھلے لگتے ہو گے ؟ تمہاری بھوری آنکھوں میں خوشی کے کتنے رنگ نمایاں ہوتے ہوں گے ؟ کتنے خوش نصیب لوگ ہوں گے جو تمہیں دیکھتے ہوں گے ، جن کی تم دل جوئی کرتے ہو گے ،جن کے ساتھ تمہارے دن رات گزرتے ہوں گے اور سب سے بڑھ کر تم بن مانگے جس کے نصیب میں لکھ دیے گئے ہو گے۔

ہمیشہ خدا سے تمہارے بارے میں گفتگو کی ہے کیونکہ دلوں کا حال تو خدا جانتا ہے ۔ میں چاہتی ہوں کہ اگر زندگی میں کبھی کسی موقع پر تم مجھے یاد کرو یا میرا ذکر ہو تو کہیں ایک ہلکی سی مسکراہٹ تمہارے ہونٹوں پہ بسیرا کرے اور کاش اس لمحے کو میں اپنی آنکھوں سے دیکھوں اور قید کر لوں ۔ یہ تو نہیں جانتی کہ جو میری خواہش ہے وہ پوری ہو سکے گی یا نہیں لیکن ہاں اس خواہش کے پورے ہونے کی دعائیں بہت شدت سے مانگی ہیں ۔

میں نے ہر اس جگہ تمہارے لئے دعا مانگی جہاں جہاں مجھے یقین تھا کہ میری دعا قبول ہو گی ۔لیکن شاید میری دعاوں کی قبولیت میں ابھی وقت ہے ۔

*************

Comments