Hamary rawayye he by Faiza Tabassum

ہمارے رویے ہی دنیا اور آخرت سنوار سکتے ہیں

ہم سمجھتے ہیں کہ جس  دنیا میں ہم  رہتے ہیں یہ  دنیا  ہی  سب  کچھ ہے شاید اسی طرح  ہم  اس کی لذتوں سے فائدہ اٹھاتے رہیں گے لیکن  ایسا  کچھ بھی  نہیں  ہو گا جیسا ہم  سوچ رہے ہیں ایک دن کچھ بھی  باقی نہیں  رہے گا سب ختم  ہو  جائے گا کبھی سوچا ہے  اس کے بعد  کیا  ہو گا؟ ہمیں ہر وقت دنیا کی فکر ہوتی ہے کبھی کھانے پینے کی ،کبھی پہننےاوڑھنے کی، صحت کی  فکر ،پڑھائی کی فکر، نمبروں کی  فکر  اور  سب سے زیادہ نوکری اور  پیسوں کی  فکر یہ  سب تو اس لئے ہے کہ دنیا کی زندگی بہتر ہو جائے ہم آخرت کو بہتر بنانے کی کوشش کیوں نہیں کرتے ہمارا دیہان اس طرف کیوں نہیں جاتا۔ہم یہ تو جانتے ہیں کہ ہم گنہگار ہیں، ہم اپنی آخرت سنوارنے کی تو بات کرتے ہیں؟ کیا آپ نے کبھی یہ سوچا ہے کہ ہماری آخرت خراب کیوں ہے؟ آپ اپنی آخرت کو سنوارنے کے لیے دعائیں تو کرتے ہیں مگر شاید یہ جاننے کی کوشش نہیں کرتے کہ یہ خراب کیوں ہے اور ہم کیسے صحیح کر سکتے ہیں صرف دعائیں مانگتے رہنے سے کچھ نہیں ہو گا۔ دعا کے ساتھ دوا کی بھی ضرورت ہوتی ہے۔
کیا آپ کو نہیں لگتا کہ ہماری آخرت کے خراب ہونے میں سب سے زیادہ ہاتھ اس دنیا کا ہے جس کی لذتوں میں ہم گم ہو کہ رہ گئے ہیں اور سب سے بڑھ کر ہمارے اعمال، ہماری سوچ اور ہمارا علم ہے جو وقت کے ساتھ ساتھ پروان تو چڑھتا ہے مگر ہم اُسے صحیح سے استعمال نہیں کرتے ہم علم تو حاصل کرتے ہیں مگر یہ سوچ کر کہ نوکری وہاں کرنی ہے جہاں تنخواہیں زیادہ ہوں۔ علم اس لیئے نہیں ہےکہ بس نوکری کی، تنخواہ لی اور عیاشی کی۔ اگر آپ کے پاس پیسے نہیں ہیں، آپ پیسوں سے کسی کی مدد نہیں کر سکتے تو کم از کم ہر انسان کے پاس اچھا اخلاق تو ہونا چاہئے، اس کے لیۓ پیسوں کی ضرورت نہیں ہوتی۔ علم تو آپ کو بہت کچھ سکھاتا ہے احساس، ہمدردی، محبت، خلوص، صبر اور برداشت، عزت واحترام، آدب، کیا یہ سب کچھ ہمارے اندر ہے۔یہی چیزیں ہماری دنیا اور آخرت ہیں اور اِنہی کے ذریعے ہم اپنی دنیا اور آخرت بہتر کر سکتے ہیں۔ ہم نوکری کے لیے،  پیسوں کے لیے جتنا زیادہ علم حاصل کر رہے ہمارے اندر سے یہ سب کچھ ختم ہو رہا ہے ہم ان چیزوں سے محروم ہو گئے ہیں۔ یہ وہ چیزیں ہیں جن کے ذریعے ہم اپنی دنیا اور آخرت بہتر بنا سکتے ہیں۔جب آخرت میں ان سب کے بارے میں سوال کیا جاۓگا تو کیا جواب دیں گے ہم کہ دنیا میں ہم نے اپنی زندگی کیسے گزاری؟ہم نے مشکل وقت میں کیسے صبراور برداشت سے لیا؟ ہم کس کے ساتھ کتنے مخلص اور ہمدرد  ہیں؟ وہ ذات تو سب کچھ جانتی ہے کہ ہم کیا کچھ کر رہیں ہیں۔
 اللّٰہ سے دنیا مت مانگیں دنیا میں رہتے ہوئے دنیا کی وہ چیزیں مانگیں جو آپ کی دنیا سنوار سکتے ہیں اور یہی دنیا آخرت سنوارنے کا باعث بنے گی. کسی کی بھی زندگی پرفیکٹ نہیں ہوتی، کوئی انسان پرفیکٹ نہیں ہوتا، ہر انسان اپنی ایک جنگ لڑ رہا ہے، ہر انسان اپنے نفس کے ساتھ جہاد میں لگا ہے۔دوسروں سے اپنی زندگی کا مقابلہ کرنا چھوڑ دیں۔ اس کے پاس ہے تو میرے پاس کیوں نہیں،آپ کے پاس اس لیئے نہیں ہے کیونکہ اللّٰہ نے اُسے آپ کے لئے نہیں چنا، کیونکہ آپ کے پاس شائد کچھ ایسا ہے جو دوسرے کے پاس نہیں ہے۔ اللّٰہ نے آپ کو جتنا دے دیا کافی ہے چیزوں کے پیچھے بھاگنا  چھوڑ دیں یہ کام نہیں آئیں گی، یہ چیزیں دنیا میں ہی رہ جانی ہے آپ کے اعمال ہیں جو آپ کے کام آئیں گے۔ ہمارے رویے ہیں جو ہمیں کامیابی کی طرف لے کر  جاسکتے ہیں کوشش کریں اپنے رویوں میں تبدیلی کے کر آئیں۔اپنے اندر نرمی پیدا کریں۔ اونچی آواز سے بات چیت نہ کریں گفتگو میں مثبت تبدیلیاں لے کر آئیں۔ یہی تبدیلیاں آپ کے لئیے دنیا میں آسانی پیدا کریں گی اور نہ صرف آپ کی زندگی آسان ہو جائے گی بلکہ آخرت بھی سنور جائے گی۔
ہم جس طرح کی زندگی گزار رہے ہیں یہاں ہر انسان خوش رہنے کے لئے پریشان ہے۔ کبھی سوچا ہے کیوں؟ کیونکہ ہمارے رویے اچھے نہیں ہیں ایک دوسرے کی جڑیں خود  کھوکھلی کر رہے ہیں۔ ان حالات میں ہم کیسے خوش ہو سکتے ہیں۔ ہم خود ایک دوسرے کی خوشیاں برباد کر رہے ہیں۔ ایک دوسرے کے ساتھ مخلص نہیں ہیں، ایک دوسرے کے ساتھ  مخلص رہیں حُسنِ سلوکسے پیش آئیں۔ ایک دوسرے کی باتوں کو سنیں اور سمجھیں آسانیاں پیدا کریں کسی کے لیے تکلیف کا باعث نا بنیں۔
شکر ہی وہ واحد شے ہے جو آپ کو سکون پہنچا سکتی ہے پھر چاہے وہ بندوں کا شکر کرنا ہو یا اپنے رب کا، ہر چیز کو اپنا حق سمجھنا چھوڑ دیں، ہم خالی ہاتھ ہی اس دنیا میں آۓ تھے اور خالی ہاتھ ہی واپس جائیں گے سوائے اس شخص کے جس نے اپنے رب کو راضی کر لیا۔
                                                                           فائزہ تبسم

Comments