Hum kon hain article by ArfA Alvi


ہم کون ہیں
عرفہ علوی
میں کافی عرصہ سے ایک سوال پر الجھتی رہی ہوں کہ مسلمان کون ہے۔ مسلمان وہ ہے جو توحید ورسالت پر ایمان لائے،قیامت پر یقین رکھتا ہو جو جانتا ہو کہ یہ دنیا فانی ہے ۔ مسلمان کو اپنے رب پر پورا یقین ہوتا ہے وہ اپنی اچھی یا بری قسمت پر مطمین اور شکر گزاراس لیے ہوتا ہے کیونکہ وہ جانتا ہےوہ ستر ماؤں سے زیادہ پیار کرنے والا اس کو جو بھی عطا کرے گا یا لے گا اس میں بہتری ہی ہو گی۔مسلمان  تقوی کو اپنانے کی تگ ودو میں رہتا ہے۔ مسلمان میں عاجزی و انکساری جیسی صفات شامل ہوتی ہیں۔ وہ حقوق اللہ اور حقوق العباد کا پورا پورا خیال رکھتا ہے ۔خدا کی راہ میں مال خرچ کرنا، غریبوں کے کام آنا، یتیموں کا خیال رکھنا، حسن خلق ،احساس، ہمدردی، پیار محبت ،ایمانداری ،سچائی، دیانتداری وغیرہ اس کی خوبیاں ہوتی ہیں۔
 غرض وہ مکمل طور پر اس تگ و دو میں ہوتا ہے کہ وہ اسلام کے اصولوں کے مطابق اپنی زندگی بسر کرے ۔ وہ زیادہ سے زیادہ نیک اعمال کرنے کے لئے کوشاں ہوتا ہے اور برائیوں سے بچتا ہے ۔ وہ تمام غلط اور برے کام جن سے نبی آخر الزماں حضرت محمد مجتبیٰ محمد مصطفی صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم نے منع فرما دیا ہے۔  وہ تمام افعال جس سےاللہ اور رسول اکرم صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم نے نا کرنے کا حکم دیا ہے ان پر  خود کو سختی سے عمل پیرا ہونے سے بچانا  مثلا اسلام کہتا ہے کہ اے مومن جھوٹ نہ بول،غیبت نہ کر،چوڑی نہ کر خود کو رشوت لینے سے محفوظ رکھ منافقت سے خود کو محفوظ رکھ گرض خود کو اس برائی سے بچا کر رکھ جس سے معاشرے میں بے سکونی فساد لڑائی جھگڑا جیسے بگاڑ پیدا ہوتے ہو۔ جو مسلمان ہوتا ہے وہ اس پر عمل کرتا ہے وہ ان حدود کو توڑنے کا سوچ بھی نہیں سکتا مسلمان ان تمام برائیوں پر عمل نہیں کرتا کیونکہ وہ اپنے خدا کی رضا کا خواہشمند ہوتا ہے نہ کہ ناراضگی کا۔
یہ تو ہوا مختصر سا مسلمان کا تعارف
لیکن وہ کون ہے۔؟
جو زبان سے توحید و رسالت کا اقرار تو کرتا ہے لیکن خدا اور اس کے رسول صلی اللہ علیہ وسلم کے حکم کی نافرمانی کر رہا ہوتا ہے وہ  یہ تو جانتے ہیں کہ قیامت کا دن ضرور آئے گا لیکن اس سے خوف محسوس نہیں کرتے ہیں۔ وہ یہ تو جانتے ہیں کہ برائی کیا ہے  لیکن اس برائی کو سرانجام دے رہے ہوتے ہیں۔ ہر وہ برائی جو اسلام کی روح سے سے ایک مسلمان پر حرام قرار دی گئی ہے مثلا جھوٹ، چوری، غیبت، فتنہ و فساد پھیلانا، منافقت، بدکاری، رشوت،بے ایمانی ،ناانصافی ،ناپ تول میں کمی، لڑائی جھگڑا، قتل و غارت ،ڈاکے ،زنا،ناحق مال وصولنا ،غرض بے شمار ایسی  برائیاں جو ہمارے معاشرے میں بری عام ہوچکی ہیں ۔
 لیکن کرنے والا کون ہے۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
مسلمان ۔۔۔۔۔
۔کیا ایسا انسان مسلمان کہلانے کے لائق ہے جو یہ برائیاں سر انجام دیتا ہے ۔ جسے حرام اور حلال کی تمیز ہی نہیں ۔ جو دولت کی ہوس میں اس قدر اندھا ہوچکا ہے کہ وہ موت کو بھلائے بیٹھا ہے اور خود کو وقت کا فرعون سمجھ رہا ہے ۔لیکن وہ یہ نہیں جانتا کیا، کہ اس خدا نے ہر فرعون کے خاتمے کیلئے موسی کا انتظام کر رکھا ہے۔
 ایسے انسان اپنی ناجائز اور حرام طریقے سے جمع کی گئی دولت کے بل بوتے پر غریبوں پر اپنا رعب جاتے ہیں خود کو حاکم اور دوسروں کو محکوم سمجھتے ہیں ۔دوسروں پر ظلم و ستم، جبرو تشدد کرکے ان کو اپنا ماتحت کرنے میں فخر محسوس کرتے ہیں ۔آخر کیوں ایسے لوگوں کو ترس نہیں آتا۔ شاید اس لئے کہ ان کے دل مردہ ہو چکے ہیں، ان کے ضمیر مر گئے ہیں۔ ہاں یہ مردہ دل اور بے ضمیر لوگ خدا کی خدائی کو ہی تو بھول بیٹھے ہیں۔ اسی لئے تو یہ بے ضمیر لوگ حلال اور حرام ،جائز اور ناجائز حق اور ناحق کی تمیزبھول کر ظلم و بربریت اور اور سفاکیت کی حدیں پار کر جاتے ہیں اور معصوم لوگوں کی جانوں کے ساتھ کھیل جاتے ہیں۔
 تو پھر ہم کیوں ایسے لوگوں کو مسلمان کہتے ہیں ہیں جبکہ ہم بہت اچھے سے جانتے ہیں کہ ایک مسلمان ایسے فعل سے مبرا ہوتا ہے۔  ایسے لوگ مسلمان  تو بہت دور انسان کہلانے کے لائق بھی نہیں۔
 آج جو پوری دنیا میں امت مسلمہ  حق پر ہونے کے باوجود اپنے مقدمہ ہار جاتی ہے  اور عالمی عدالتوں سے دہشت گردی کے لیبل اپنی پیشانی پر لگوا کر نکلتی ہے ایسے ہی نام نہاد مسلمان او معاف کیجیے گا درندہ صفت انسانوں کی مرہون منت ہے۔ تو پھر ہم کیوں ان کی حوصلہ شکنی کرنے کی بجائے حوصلہ افزائی کرتے ہیں ہم میں سے ایسے بہت سے لوگ ہیں جو ان جیسے کئ نام نہادوں کو اپنا آئیڈیل مانتے ہوئے ان کی کاپی کرتے ہیں جس کے باعث ہم اس قدر تنزلی کی طرف جا رہے ہیں۔
 تو کیوں ہم ان ساری باتوں کو مدنظر رکھنے کے باوجود ایسے لوگوں کے خلاف آواز نہیں اٹھاتے ہم کیوں ان کے ارادے پست کرنے کی بجائے مضبوط کرتے ہیں۔ ہم کیوں ان کی مذمت نہیں کر پاتے ۔ آخر کیوں۔۔۔۔۔۔۔۔۔؟
 شاید اس لیے لئے کہ ہم میں بھی کہیں نہ کہیں کوئی چور چھپا بیٹھا ہے جو ہمیں اس کاروائی سے روکتا ہے۔ ہاں ایسا ہی ہے ہم بھی قصوروار ہیں۔ کیونکہ ہر تیسرا شخص تمام برائیوں میں سے کسی نہ کسی میں شامل ہے ۔ کوئی جھوٹ بولتا ہے، تو کوئی غیبت اور چغلی کھاتا ہے ،کوئی چھوٹی موٹی چوریاں کرتا ہے، تو کوئی غلط بیانی، بے ایمانی، چھوٹے پیمانے پر سود کا لین دین وغیرہ جیسی   برائیاں تو ہم میں بھی پائی جاتی ہیں شاید اسی لیے ہم میں اتنی ہمت نہیں ہوتی کہ ہم ایسے لوگوں کے خلاف آواز بلند کر سکیں۔
 چغلی غیبت اور جھوٹ تو ہمارے لئے کوئی معنی نہیں رکھتی اور سچی بات ہے عورتیں تو اس کام کو اپنا فریضہ اور پسندیدہ مشغلہ سمجھ کر سر انجام دیتی ہیں ۔ جب کہ یہ جاننے کے باوجود کے روزے قیامت وہ اپنے مردہ بھائی کا گوشت کھائیں گیں۔ تو کیوں ہم سب جاننے کے باوجود عمل کرنے کی کوشش نہیں کرتے۔ آخر کیوں ۔۔۔؟
 خدا کے لئے  پہچانئے خود کو کہ ہم کون ہیں اور کس مقصد کے لئے اس دنیا میں بھیجے گئے ہیں ہم مسلمان ہیں ہم حضرت محمد صلی اللہ علیہ وسلم کے امتی ہیں ۔ ہم روزے قیامت اپنے آ قا نامدار صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کا سامنا کیسے کریں گے ۔ ہم ان سے شفاعت کی طلب کیسے کریں گے ۔خدارا یہ زندگی بہت مختصر اور عارضی ہے تو خود کو برائیوں سے بچاؤ اور نیکیوں کی طرف راغب کرو۔
 میرا تو یہ ماننا ہے کہ ہم اگر اس بات کو ذہن نشین کر لیں کہ کیا پتا چھوٹے سے چھوٹے  گناہ پر ہماری پکڑ ہوجائے اور کیا پتہ کسی چھوٹی سی نیکی کی وجہ سے ہماری بخشش ہوجائے تو میرا خیال نہیں، بلکہ یقین ہے کہ ہم بہت سی برائیوں سے بچ جائیں گے۔ انشاءاللہ ۔تو خدا کے لئے خود کو پہچانیے اور اللہ تعالی کے اس احسان کو اتار نے کی تگ و دو میں رہے کہ اس نے ہمیں مسلمان گھرانوں میں پیدا کیا ہمیں مسلمان بنایا اس پر جتنا بھی ہم شکر ادا کریں وہ کم ہے۔
دعا ہے کہ اللہ تعالی مجھے اور آپ کو اس پر عمل کرنے کی توفیق عطا فرمائے اور ہم سب کو ویسا مسلمان بنائے جس کا رب کریم اور نبی آخر زمان صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم نے حکم دیا ہے آمین ۔  آخر میں بس یہی کہنا چاہوں گی کہ میں نے اپنی ناقص فہم وفراست کے مطابق لکھا جو مجھے محسوس ہوا اور غلط اور  اچھا لگا یہ میری پہلی کاوش ہے شاید میں نے انجانے میں کچھ غلط لکھ دیا ہو اس کے لیے معافی، آپ کی دعاؤں کی طالب
عرفہ علوی
*****************************



Comments

  1. As stated by Stanford Medical, It's in fact the one and ONLY reason women in this country get to live 10 years longer and weigh an average of 42 pounds less than we do.

    (And actually, it is not related to genetics or some secret-exercise and EVERYTHING about "HOW" they are eating.)

    BTW, What I said is "HOW", and not "WHAT"...

    Tap on this link to uncover if this quick quiz can help you decipher your real weight loss potential

    ReplyDelete

Post a Comment